نئی دہلی ،2اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرگرم کارکنوں نے آج جنتر منتر پر بابائے قوم مہاتما گاندھی اور ہندوستان کے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری جی کے سالگرہ پر انہیں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک قرارداد میں کہا، ہندستان کے تقریباً ایک ارب پچیس کروڑ لوگ مہاتما گاندھی جی اور ہندوستان کے دوسرے وزیر اعظم لال بہادر شاستری جی کی سالگرہ پر پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مہاتما گاندھی کا عدم تشد د اور شاستری جی کا بالخصوص جوانوں اور کسانوں کو جوش فراہم کرنے والا پیغام ’جے جوان جے کسان ‘ ہندوستان کی آئندہ تاریخ میں ہمیشہ روشن رہے گا۔
پنتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ نے اس موقع پر سبھی سے اپیل کی کہ مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری جی کی سالگرہ پر تمام ہندوستانیوں کو اس سے سیکھ لینی چاہئے کہ ان بہادروں نے ہندوستان کے لئے کتنی قربانیاں دیں اور آج ہندوستان کو ہندوستان کے لیڈر کس سوچ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ نیشنل پنتھرس پارٹی نے آج یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کے مجسموں کو ہر ریاست میں لگایا جانا چاہئے اور ان کے دیے ہوئے قومی اتحاد، سالمیت اور سیکولرازم کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانا ہوگا۔ سیکولر ازم اور اتحاد ہی وہ راستے ہیں جو ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت اور بھائی چارے کو مضبوط رکھ سکتے ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے حکومت ہند سے بھی اپیل کی کہ وہ قوم کی آئندہ نسل کو اتحاد، یکجہتی اور سا لمیت کا پیغام دینے کے لئے اسکول اور کالجوں کے نصاب میں مہاتما گاندھی، لال بہادر شاستری، سبھاش چندر بوس، سردار بھگت سنگھ، رانی جھانسی، اشفاق اللہ خاں، اودھم سنگھ وغیرہ جیسے عظیم انقلابیوں کی تاریخ کوشامل کیا جائے۔ہندوستان کے اتحاد، سا لمیت ، خودمختاری، ترقی اور عالمی امن کا پیغام آج مہاتما گاندھی اور لال بہادر کی سالگرہ پرپنتھرس پارٹی نے پرزور طریقے سے جنتر منتر پر پیش کیا۔ اس موقع پر موجود لوگوں میں راجیو جولی کھوسلہ، رومیش کھجوریہ، اوم کشن، کلی رام تومر، بلوندر کمار، سنیتا چودھری، سرجیت سنگھ گلیریا، کے کے راگھو، دلدار حسین بیگ، محفوظ خان، نیلم ٹھاکر، گووند سنگھ رانا، رینا سنگھ، آر ین. پال، ٹھاکر ارون کمار سنگھ (صدر، اترپر پردیش شتریہ مہا سبھا)، سورن سنگھ اور دیگر شامل تھے۔